دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں، قومی اتحاد سے ہی خاتمہ ممکن ہے، فیلڈ مارشل

دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں، قومی اتحاد سے ہی خاتمہ ممکن ہے، فیلڈ مارشل

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت معرکۂ حق میں شکست کھا چکا ہے اور اب فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند جیسے گروہوں کے ذریعے پاکستان کے خلاف ہائبرڈ جنگ لڑ رہا ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے دہشتگرد تنظیموں کی کھلی پشت پناہی کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر وطنِ عزیز، خصوصاً بلوچستان کے محبِ وطن عوام کی حب الوطنی کو کمزور نہیں کر سکتے۔

یہ بات انہوں نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے 16ویں سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں اراکینِ پارلیمنٹ، سرکاری افسران، سول سوسائٹی، صحافی، دانشور اور نوجوانوں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

فیلڈ مارشل نے بلوچستان کی ترقی کو قومی یکجہتی اور استحکام کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبے ملکی استحکام کے لیے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردی کا کوئی مذہب، فرقہ یا نسل نہیں ہوتا، اس لیے پوری قوم کو باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ اس ناسور کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔ فیلڈ مارشل کے مطابق قومی عزم اور اجتماعی کوشش کے بغیر دہشتگردی جیسے خطرناک چیلنج کا خاتمہ ممکن نہیں۔

فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے بین الاقوامی شراکت داری کو مزید مؤثر بنایا جائے اور قومی سطح پر مشترکہ حکمتِ عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے پاکستان کے علاقائی امن کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ مادرِ وطن کو درپیش ہر داخلی و خارجی خطرے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور قومی وقار کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔

آخر میں، اجلاس کا اختتام فیلڈ مارشل اور شرکاء کے مابین سوال و جواب کی آزادانہ اور مفصل نشست پر ہوا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.