ماسکو: روس کے مشرقی ساحلی علاقے کامچٹکا میں 8.8 شدت کا انتہائی شدید زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کے فوری بعد 3 سے 4 میٹر (تقریباً 10 سے 13 فٹ) بلند سونامی لہریں ساحلی علاقوں سے ٹکرائیں، جس کے باعث بندرگاہوں اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
روس کے علاوہ بحرالکاہل کے دیگر ممالک میں بھی ہنگامی اقدامات کیے گئے۔ جاپان اور فلپائن میں ایمرجنسی الرٹس جاری کیے گئے اور ہزاروں شہریوں کو ساحلی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ فوکوشیما نیوکلیئر پلانٹ کو احتیاطاً خالی کرا لیا گیا جبکہ مشرقی جاپان میں ریلوے سروس معطل کر دی گئی۔ ہوکیڈو شہر میں بھی سونامی کی لہریں دیکھی گئیں۔
امریکا میں کیلیفورنیا، واشنگٹن، ہوائی، الاسکا، چلی اور اوریگن سمیت کئی ریاستوں کے لیے بھی سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلے کا مرکز پیٹروپاولووسک-کامچاتسکی شہر سے 150 کلومیٹر مشرق میں، بحرالکاہل کے نیچے واقع تھا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ 20 جولائی کو بھی روس میں 5.0 اور 6.7 شدت کے زلزلے آئے تھے، تاہم اس وقت سونامی کا الرٹ جاری نہیں کیا گیا تھا۔ بعد ازاں 7.4 شدت کا ایک اور جھٹکا ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد USGS نے سونامی کی ممکنہ لہروں کی پیش گوئی کی تھی۔
ماہرین کے مطابق روسی ساحلی علاقوں میں 30 سینٹی میٹر سے ایک میٹر تک بلند سونامی لہریں آ سکتی ہیں، جبکہ ہوائی اور جاپان میں ان کی شدت نسبتاً کم، یعنی 30 سینٹی میٹر تک متوقع ہے۔