خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر فتنۂ خوارج کے دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 7 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے میں کیپٹن نعمان سلیم سمیت 6 جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی بھارتی پراکسی دہشتگرد گروہ کے خلاف کی گئی، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔
شہید ہونے والے جوانوں میں کیپٹن نعمان سلیم، حوالدار امجد علی، نائیک وقاص احمد، سپاہی اعجاز علی، سپاہی محمد ولید اور سپاہی محمد شہباز شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کے منظور کردہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔