پاکستان اور بنگلہ دیش میں توانائی و تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، جن کا مقصد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان توانائی، تجارت اور فضائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
بنگلہ دیش کے مشیر برائے امورِ خارجہ محمد توحید حسین سے ملاقات میں دونوں ممالک نے اداراتی مکینزم کے اجلاسوں کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں توانائی، قدرتی وسائل اور دیگر مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہو چکا ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تعمیری مکالمہ اور باہمی احترام مضبوط تعلقات کی بنیاد ہیں۔
بنگلہ دیشی مشیرِ خارجہ محمد توحید حسین نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم کی ملاقات مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، سول ایوی ایشن اور سیاحت جناب شیخ بشیرالدین سے بھی ہوئی، جس میں دوطرفہ تجارتی تعاون کو بڑھانے کے لیے مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علی پرویز ملک نے مشیر برائے توانائی و معدنی وسائل جناب محمد فوزل کبیر خان سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون کے معاملات پر گفتگو کی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ بیس سال بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کا مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس خوش آئند قدم ہے، جو علاقائی شراکت داری کو نئی سمت دے گا۔
وفاقی وزیر نے بنگلہ دیش کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، بنگلہ دیش کے ساتھ باہمی مفاد اور مشترکہ ترقی پر مبنی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔