کراچی کی کن سڑکوں پر سب سے زیادہ ای چالان جاری ہو رہے ہیں؟

کراچی کی کن سڑکوں پر سب سے زیادہ ای چالان جاری ہو رہے ہیں؟

کراچی: ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف مہم کے دوران گزشتہ دو دنوں میں 6 ہزار 500 سے زائد ای چالان جاری کیے گئے ہیں۔

پیر محمد شاہ کے مطابق ہر گاڑی کا چالان الگ ہے، اس لیے مجموعی جرمانے کی رقم کا درست اندازہ لگانا فی الحال ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موٹرسائیکلوں پر 5 ہزار روپے تک جبکہ بڑی گاڑیوں پر 20 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے۔ بعض سنگین خلاف ورزیوں پر ای چالان ایک لاکھ روپے تک بھی ہو سکتا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ بغیر نمبر پلیٹ یا جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اور ایسی گاڑیوں پر ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک گاڑی کی نمبر پلیٹ درست یا اپ ڈیٹ نہیں ہوگی، گاڑی ریلیز نہیں کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ گاڑی بیچنے والے کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام قانونی کارروائی مکمل کرے، جبکہ جن شہریوں نے گاڑیاں فروخت کر دی ہیں وہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کر کے اپنا شناختی کارڈ فراہم کریں تاکہ ان کا ڈیٹا سسٹم میں اپ ڈیٹ ہو سکے۔

پیر محمد شاہ نے مزید بتایا کہ شہر میں ریڈ لائٹ توڑنے، سیٹ بیلٹ نہ پہننے، اوور اسپیڈنگ، ون وے کی خلاف ورزی، موبائل فون پر بات کرنے، اور موٹرسائیکلوں کے لیے مخصوص لین کی خلاف ورزی پر ای چالان کیے جا رہے ہیں۔ اس وقت 8 سے 10 مختلف خلاف ورزیوں پر کارروائی جاری ہے۔

ان کے مطابق کراچی میں 1,076 کیمرے نصب ہیں، جن کی تعداد آئندہ مرحلے میں 12 ہزار تک بڑھائی جائے گی۔ مزید یہ کہ 10 ہزار ٹریکرز بھی سسٹم میں شامل کیے جا رہے ہیں۔ ای چالان زیادہ تر شاہراہِ فیصل، بلوچ کالونی، فوزیہ وہاب فلائی اوور اور ڈرگ روڈ پر جاری کیے جا رہے ہیں جہاں خلاف ورزیاں عام ہیں۔

شہری سہولت کے لیے 11 ٹریفک سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں لوگ اپنی شکایات اور مسائل کے حل کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔

پیر محمد شاہ نے بتایا کہ جدید ای چالان سسٹم ایک ماہ کے اندر پورے سندھ میں نافذ کر دیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے نوجوانوں کو خصوصی تربیت دی گئی ہے اور 100 سے زائد تربیت یافتہ اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ای چالان نظام کا مقصد شہریوں کو محفوظ، منظم اور قانون کے مطابق ڈرائیونگ کی طرف راغب کرنا ہے۔ یہ جدید نظام آئندہ دنوں میں سندھ بھر میں ٹریفک نظم و ضبط میں نمایاں بہتری لائے گا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.