فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف نے پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں جن میں سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتاپور شامل ہیں، کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں سیلابی صورتحال اور جاری ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں سول انتظامیہ اور فوجی جوانوں کی انتھک کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ سکھ برادری سے بھی ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ تمام مذہبی مقامات بشمول دربار صاحب کرتاپور کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔
آرمی چیف نے کہا کہ اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کا تحفظ ریاست اور اداروں کی ذمہ داری ہے اور پاکستان اس فرض کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ سکھ برادری نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں آرمی چیف کا پُرتپاک استقبال کیا اور ان خدمات پر شکریہ ادا کیا جو فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہیں۔
آرمی چیف نے دربار صاحب کرتاپور کا فضائی معائنہ بھی کیا اور سول انتظامیہ کے نمائندوں سے ملاقات میں ان کے بروقت اقدامات کو سراہا جن کی بدولت جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کیا گیا۔ فوجی جوانوں سے خطاب میں انہوں نے ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور عوام کی خدمت کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔