پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 100 انڈیکس 500 پوائنٹس اوپر

کراچی — پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 500 پوائنٹس سے زائد بڑھ گیا۔ صبح 10 بج کر 20 منٹ تک انڈیکس 517.88 پوائنٹس اضافے کے بعد 147,861.38 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو 0.35 فیصد بہتری کو ظاہر کرتا ہے۔

سرمایہ کاروں کی دلچسپی سیمنٹ، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، آئل مارکیٹنگ کمپنیز، بجلی کی پیداوار اور ریفائنری سیکٹرز میں نمایاں طور پر برقرار رہی۔ بڑی کمپنیوں جیسے اے آر ایل، این آر ایل، حبکو، ماری، پی او ایل، پی پی ایل، ایس ایس جی سی، حبیب بینک، ایم سی بی اور نیشنل بینک کے شیئرز مثبت زون میں ٹریڈ ہوتے رہے۔

گزشتہ روز انڈیکس فیوچرز رول اوور سرگرمیوں کے باعث دباؤ کا شکار رہا اور 150.52 پوائنٹس کمی کے بعد 147,343.50 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

بین الاقوامی سطح پر بھی جمعہ کے روز ایشیائی مارکیٹوں میں مثبت رجحان دیکھا گیا، جس کی بڑی وجہ وال اسٹریٹ پر ٹیکنالوجی اسٹاکس کی ریلی بتائی گئی۔ اگرچہ امریکی کمپنی اینویڈیا کے نتائج توقعات سے کم رہے، لیکن اے آئی انفراسٹرکچر پر مسلسل سرمایہ کاری نے ایس اینڈ پی 500 اور ڈاؤ جونز کو نئی بلند سطح پر پہنچا دیا۔

ایشیائی انڈیکسز میں ایم ایس سی آئی برانڈ انڈیکس 0.4 فیصد بڑھا، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ 0.5 فیصد اوپر گیا اور چین کا سی ایس آئی 300 بھی 0.7 فیصد بڑھ گیا۔ البتہ جاپان کا نکی انڈیکس 0.4 فیصد کمی کے ساتھ نیچے آیا، جبکہ ٹیک فوکسڈ اسٹار 50 انڈیکس 2.5 فیصد گر گیا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.