میرین سیکٹر میں شفافیت اور جدیدیت پر یقین رکھتے ہیں ، جنید انوار
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت قومی شپنگ فلیٹ میں توسیع سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے حکام سمیت پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں قومی فلیٹ میں آئندہ تین سالوں کے دوران 600 فیصد اضافہ کیے جانے کا عندیہ دیا گیا۔
وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم اتھارٹی قومی فلیٹ کی توسیع میں مالی معاونت کریں گی، جس سے پاکستان کا بحری شعبہ خودکفالت کی جانب گامزن ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ فلیٹ میں جدید اور ماحول دوست جہازوں کی شمولیت سے زرمبادلہ کی خطیر بچت ممکن ہو سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف ملکی معیشت مستحکم ہو گی بلکہ تجارتی روابط اور برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ قومی شپنگ فلیٹ میں توسیع سے مقامی صنعتوں کے لیے نئی راہیں کھلیں گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
جنید انوار چوہدری نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ وزیراعظم کے میری ٹائم وژن کے مطابق آگے بڑھایا جا رہا ہے، اور حکومت بحری شعبے میں شفافیت، جدیدیت اور عالمی معیار کے تقاضوں کو پورا کرنے پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی سطح پر بحری شعبے کو عالمی مارکیٹ میں مسابقت کے قابل بنایا جائے گا تاکہ پاکستان کی شپنگ انڈسٹری خطے میں اپنی پہچان بنا سکے۔