وزیراعظم کا بڑا اعلان: پی ٹی وی فیس بجلی بل سے ختم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی بل میں شامل پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بجلی صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ وہ اتوار کو “اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ شہریوں کو بااختیار بنانے اور ادارہ جاتی اصلاحات کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ توانائی کے شعبے میں اصلاحات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” ایپ ایک انقلابی قدم ہے جس کی بدولت صارفین اب اپنی بجلی میٹر ریڈنگ خود درج کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی حکومت کی اہم ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے وزیر توانائی اور ٹاسک فورس کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ پاکستان میں تیزی سے سولرائزیشن ہو رہی ہے اور حکومت سستی اور پائیدار توانائی کے فروغ کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی سالانہ 500 ارب روپے کی چوری ایک بڑا چیلنج ہے جس کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بجلی کی طلب میں کمی بھی ایک اہم مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے صنعتی و گھریلو صارفین کو ریلیف دینا ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچانے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔ ری بیسنگ کے تحت فی یونٹ 50 سے 70 پیسے اضافے کا خدشہ تھا، لیکن حکومت نے ایسا طریقہ اپنایا کہ قیمت میں اضافہ نہ ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ نئی ایپ کو پانچ زبانوں میں متعارف کرایا جائے گا تاکہ اسے ملک بھر میں ہر فرد آسانی سے استعمال کر سکے، اور یہ ایپ بین الصوبائی ہم آہنگی کو بھی فروغ دے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا کہ ایپ کے ذریعے صارفین اب اپنی میٹر ریڈنگ خود جمع کرا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک صارفین کو 110 ارب روپے کی اوور بلنگ واپس کی جا چکی ہے اور اب میٹر ریڈر کا اختیار صارف کے ہاتھ میں دے دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے وزارت اطلاعات اور وزارت توانائی کو ہدایت کی کہ وہ اس ایپ کی آگاہی مہم کو گھر گھر پہنچائیں اور جدید ٹیکنالوجی سے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچائیں۔