سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،شہباز شریف
نیویارک:وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اور ریلیف و بحالی کی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں خطاب کے بعد ویڈیو لنک اجلاس میں انہوں نے وفاقی وزیر احسن اقبال کو امدادی کارروائیوں کی سخت نگرانی کی ہدایت دی، جبکہ این ڈی ایم اے کو صوبوں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ تعاون بڑھانے اور نقصانات کے تخمینے کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کا حکم دیا۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ فصلوں اور بنیادی ڈھانچے کے نقصانات کا جائزہ جلد مکمل کیا جائے تاکہ جامع بحالی منصوبہ تیار ہو سکے۔ انہوں نے موٹروے ایم 5 پر جلال پور پیر والا کے مقام پر سیلابی شگاف کی فوری مرمت کی ہدایت بھی کی۔
وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام اور موزوں فصلوں کی کاشت کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تقریباً ساڑھے تین لاکھ متاثرہ افراد امدادی کیمپس سے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔
شہباز شریف نے آئندہ ایک ہفتے میں نقصانات پر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاک-ملائیشیا تجارتی تعلقات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت بھی کی اور کہا کہ ملائیشیا نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستانی بیف کی برآمد کے لیے فوری لائحہ عمل بنانے پر بھی زور دیا۔
بعدازاں شہباز شریف جنیوا پہنچے جہاں انہوں نے نواز شریف کی عیادت کی اور امریکہ کے دورے و ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات پر انہیں بریف کیا۔ وہ لندن میں تین دن قیام کے بعد وطن واپس آئیں گے۔