مری (پریس رپورٹر) گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ مری میں سالانہ نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں ادارہ کی بچیوں نے اپنے ہنر اور لگن سے تیار کردہ فن پارے اور تخلیقات پیش کیں۔ نمائش میں پینٹنگز، کرافٹس، ہینڈ ڈیزائننگ، کڑھائی، سلائی اور دیگر آرٹ ورک نمایاں طور پر شامل تھے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر گورنمنٹ اسٹاف ٹریننگ کالج مری محمد زاہد غفار نے سول ٹریڈ انسٹرکٹرز کے ہمراہ نمائش کا وزٹ کیا۔ انہوں نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور بچیوں کی محنت و صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف طالبات کے اندر اعتماد پیدا کرتی ہیں بلکہ انہیں عملی زندگی میں کامیابی کے لیے بھی تیار کرتی ہیں۔
ادارہ کی انچارج نے اس موقع پر کہا کہ انسٹیٹیوٹ کی بچیاں اپنی محنت اور فنی مہارت کے بل بوتے پر مستقبل میں نہ صرف خود کفیل بن سکیں گی بلکہ ملک و قوم کی ترقی میں بھی کردار ادا کریں گی۔
شرکاء اور مہمانوں نے بھی طالبات کی کارکردگی کو سراہا اور اس قسم کی تقریبات کو خوش آئند قرار دیا۔