کوئٹہ اور مستونگ میں فائرنگ کے دو علیحدہ واقعات پیش آئے جن میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ بی بی زیارت کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 40 سالہ محمد صدیق موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ لاش کو قانونی کارروائی کے بعد سول ہسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب مستونگ شہر کے اسٹیڈیم روڈ پر موٹرسائیکل سوار نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے اسکول ٹیچر اور جمعیت علماء اسلام کے رکن حافظ غلام اللہ علیزئی شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں۔