تیراہ میں خوارج کی بزدلانہ فائرنگ، 3 شہید، 9 زخمی

تیراہ میں خوارج کی بزدلانہ فائرنگ، 3 شہید، 9 زخمی

وادی تیراہ کے علاقے باغ میدان میں بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کے سامنے پرامن احتجاج کے دوران خوارج نے پہاڑوں سے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 3 شہری شہید اور 9 زخمی ہو گئے۔ مقامی لوگ اپنے جائز مطالبات کے حق میں مظاہرہ کر رہے تھے کہ خوارج نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خون کی ہولی کھیلی۔

واقعے کے پیچھے وہی عناصر ہیں جو قبائلی عوام اور سیکیورٹی فورسز کے اتحاد سے خائف ہیں۔ عوامی جرگے کی جانب سے خوارج کے خلاف اجتماعی مزاحمت کے اعلان کے بعد یہ واقعہ خالصتاً انتشار پھیلانے کی کوشش ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے تحمل کا مظاہرہ کیا، زخمیوں کو فوری طبی امداد دی گئی۔

سوشل میڈیا پر بھارتی سرپرستی میں چلنے والے اکاؤنٹس جیسے بابا بنارس اور عمران ریاض خان کی جانب سے پرانی ویڈیوز پوسٹ کر کے گمراہ کن پروپیگنڈا بھی کیا گیا۔

آئی جی ایف سی نارتھ، میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے زخمیوں کی عیادت کی جبکہ زخمیوں نے دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بننے کا عزم دہرایا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے ایک کروڑ اور زخمیوں کیلئے 25 لاکھ فی کس امداد کا اعلان کیا، اور قبائلی مشران پر مشتمل جرگہ پشاور طلب کر لیا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.