اس وقت ملک کے 3 دریاؤں میں سیلابی صورتحال ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد (ویب ڈیسک) — ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ ملک کے تین بڑے دریاؤں میں خطرناک سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ ان کے مطابق پاک فوج تمام متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہے جبکہ سرحدی پوسٹوں پر کسی قسم کی غفلت یا کمی نہیں آنے دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ پاک فوج کے جوان قراقرم ہائی وے کھولنے اور پلوں کی بحالی جیسے اہم کام مکمل کر چکے ہیں جبکہ ریسکیو کارروائیوں کے دوران دو جوان شہید اور دو زخمی ہوئے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بارڈر پر کڑی نگرانی برقرار ہے اور دہشت گردوں کو کسی صورت فائدہ نہیں اٹھانے دیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ دریائے ستلج، چناب اور راوی میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے، جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں فوری انخلاء کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ریلیف سرگرمیوں کو تیز کرنے اور پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید موثر بنانے کی ہدایت دی ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے خبردار کیا کہ سندھ میں بھی شدید سیلاب کا خدشہ ہے، گدو اور کوٹری بیراج پر دباؤ بڑھنے کی صورت میں بڑے پیمانے پر انخلاء کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ قومی ایمرجنسی ہے، جس میں فوج، این ڈی ایم اے اور صوبائی ادارے مل کر عوام کے تحفظ اور بحالی کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.