دریائے راوی میں آنے والے سیلابی ریلے نے کرتارپور کوریڈور سمیت گردوارہ دربار صاحب کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث 100 سے زائد افراد پھنس گئے، تاہم تمام افراد کو کامیابی سے ریسکیو کرلیا گیا ہے۔
کرتارپور کوریڈور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ سیف اللہ کھوکھر کے مطابق پورا کوریڈور کمپلیکس زیرِ آب آ گیا تھا۔ اہلکاروں اور پھنسے ہوئے افراد کو کشتیوں اور ہیلی کاپٹر کی مدد سے نکال لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نارووال حسن رضا کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں پانی چھوڑنے کے بعد سیکڑوں مقامی افراد کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ دریا میں 150,000 کیوسک گنجائش کے مقابلے میں پانی کا بہاؤ 155,000 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
شدید بارشوں اور نالوں کے اوور فلو نے صورتحال مزید بگاڑ دی، جس سے دیہات اور کھیت زیرِ آب آگئے اور لوگوں کو ہجرت پر مجبور ہونا پڑا۔ ہزاروں ایکڑ اراضی، دھان کی فصل اور چارہ تباہ ہوگیا۔
اب تک پنجاب بھر کے سیلابی علاقوں سے تقریباً دو لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔