بلوچستان ہائیکورٹ میں جدید کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم قائم کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔ یہ سہولت چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ روزی خان بڑیچ کی خصوصی ہدایت پر فراہم کی گئی ہے۔
رجسٹرار ہائیکورٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کی شکایات اس نئے سسٹم کے ذریعے فوری طور پر وصول کی جائیں گی اور ان کے مؤثر ازالے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس اقدام سے عوام کو شفاف، بروقت اور آسان رسائی کے ساتھ انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
اعلامیہ کے مطابق شکایت کنندگان ذاتی طور پر یا آن لائن سسٹم کے ذریعے اپنی درخواستیں درج کر سکتے ہیں، جس سے عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھنے اور عوامی سہولت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔