پاکستانی طلبہ نے دنیا ہلا دی، ورلڈ اسکالر کپ میں تاریخی کامیابی
لاہور – پاکستانی طلبہ نے عالمی تعلیمی مقابلے ورلڈ اسکالر کپ کے گلوبل راؤنڈ میں پہلی بار نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے تیسری پوزیشن اپنے نام کر لی۔
قطر کے دارالحکومت دوحا میں 11 سے 17 جون 2025 تک ہونے والے اس بین الاقوامی تعلیمی ایونٹ میں دنیا بھر کے 50 سے زائد ممالک کے 1700 سے زیادہ شرکاء نے حصہ لیا۔ مقابلوں میں کوئز، مباحثہ، تحریری اظہار اور دیگر علمی سرگرمیاں شامل تھیں۔
پاکستان کی نمائندگی لاہور کے ایچیسن کالج سے تعلق رکھنے والے تین ذہین طلبہ ابراہیم عثمان اجمل، محمد احمد ذوالفقار اور حسین اسلم بھنڈر نے کی، جنہوں نے غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے 92 میڈلز اور 11 ٹرافیاں جیتیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی ٹیم نے ورلڈ اسکالر کپ کے گلوبل راؤنڈ میں ٹاپ تھری میں جگہ بنائی ہو۔ ان طلبہ کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں انہیں رواں برس امریکا کی ییل یونیورسٹی میں ہونے والے ٹورنامنٹ آف چیمپئنز میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی ہے۔
یہ کامیابی نہ صرف انفرادی کارنامہ ہے بلکہ پاکستان کے تعلیمی شعبے کے لیے بھی ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔