آئی سی سی میں پیشی؛ سوریا کمار اور حارث رؤف پر جرمانہ
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی کھلاڑی حارث رؤف اور بھارتی کپتان سوریاکمار یادو پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کر دیا، جبکہ پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان کو وارننگ جاری کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی دونوں بورڈز کی جانب سے شکایات درج کرانے کے بعد عمل میں لائی گئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سوریاکمار یادو کے متنازع بیان پر آئی سی سی کو شکایت دی تھی، جبکہ بھارتی بورڈ نے حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کے جشن منانے کے انداز پر اعتراض اٹھایا تھا۔
سماعت آئی سی سی کے میچ ریفری رچی رچرڈسن نے کی۔ اس دوران صاحبزادہ فرحان نے مؤقف اپنایا کہ “پٹھان لوگ ایسے ہی جشن مناتے ہیں، اس کا مقصد بھارت کے خلاف کوئی پیغام دینا نہیں تھا۔” حارث رؤف نے بھی کہا کہ ان کے عمل میں کوئی سیاسی اشارہ شامل نہیں تھا۔
تاہم، میچ ریفری نے حارث رؤف کے مؤقف کو تسلیم نہ کیا اور ان پر جرمانہ عائد کر دیا۔