منڈھر سب ڈویژن ضلع پونچھ میں شدید بارشوں کے بعد بھٹہ لگنے سے ایک قدیمی قبرستان متاثر ہوا جس میں سے ایک شوہر اور بیوی کی قبریں کھل گئیں، جن کی میتیں برسوں بعد بھی بالکل صحیح حالت میں پائی گئیں۔ اس واقعے کو مقامی لوگ خدائی قدرت کی نشانی قرار دے رہے ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق مولانا ابراہیم مغل، جن کا انتقال 24 سال قبل ہوا تھا، اور ان کی اہلیہ کنیز بی، جنہیں چار سال قبل دفنایا گیا تھا، کی میتیں سلامت حالت میں ملیں۔ دونوں کے کفن بھی صحیح حالت میں موجود تھے اور جسموں پر گلنے سڑنے کے کوئی آثار نہیں تھے۔
جمعہ کی صبح لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قبرستان کے ایک حصے کی قبریں کھل گئیں جس پر گاؤں والوں نے ملبہ ہٹایا تو یہ منظر سامنے آیا۔ مقامی رہائشی محمد جاوید نے بتایا: “ہم حیران رہ گئے جب قبریں کھلنے کے بعد میتیں بالکل ٹھیک حالت میں نظر آئیں۔ یہ واقعی ایک معجزہ محسوس ہوا۔”
یہ قبرستان صدیوں سے گاؤں کے چند خاندانوں کے زیر استعمال رہا ہے۔ دونوں میاں بیوی کو اسلامی روایات کے مطابق ساتھ ساتھ دفنایا گیا تھا۔
بعد ازاں جمعہ کی شام دونوں میتوں کو ہزاروں افراد کی موجودگی میں دوبارہ دفنایا گیا۔ گاؤں کے باسیوں نے اسے خدا کی قدرت اور نشانی قرار دیا۔
سرکاری حکام نے اس واقعے پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا، تاہم اس نے علاقے میں وسیع بحث و تاثر پیدا کر دیا ہے۔