ایران، زاہدان میں جوڈیشل کمپلیکس پر دہشت گردوں کا حملہ، 6 افراد جاں بحق
زاہدان: ایران کے جنوب مشرقی شہر زاہدان میں واقع جوڈیشل کمپلیکس پر دہشت گردوں کے حملے میں 6 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے، جبکہ سکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
ایرانی و غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلح افراد سیستان صوبے کے مرکزی شہر زاہدان میں واقع عدالت کے احاطے میں داخل ہوئے اور ججز کے چیمبرز سمیت مختلف حصوں میں اندھا دھند فائرنگ کی۔
واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں سے مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں تین حملہ آور مارے گئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق شدت پسند تنظیم “جیش العدل” نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔