بچے سے جنسی زیادتی کے بعد قتل کرنے والا مطلوب ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
تھانہ واہ کینٹ کے علاقے میں 9 سالہ بچے سے زیادتی اور قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم رضوان خان عرف بڈھا نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس کے دوران ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔
3 سال قبل 9 سالہ بچہ اپنے بھائی کے ساتھ گھر سے نکلا تھا اور بعد ازاں اس کی نعش کھیتوں سے ملی تھی۔ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ کے مطابق بچے کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا، جس نے راولپنڈی پولیس کے لیے ایک پیچیدہ کیس بن گیا تھا۔
پولیس نے تین سال کی مسلسل تفتیش کے بعد متعدد خصوصی ٹیمیں بنائیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی تھیں۔ ہلاک ہونے والے ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود تھے کہ اسی نے بچہ سے زیادتی کے بعد اس کا قتل کیا تھا۔
فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے ملزمان کے خلاف بہادری سے مقابلہ کرنے پر ایس پوٹھوہار، ڈی ایس پی ٹیکسلا، ایس ایچ او واہ کینٹ اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سنگین جرائم میں ملوث کوئی بھی ملزم قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔