بھارت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے مشترکہ اعلامیے کو مسترد کر دیا
بھارت نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے دفاعی وزراء کے اجلاس میں جاری کردہ مشترکہ اعلامیے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔ بھارت نے اس اعلامیے میں دہشت گردی کے حوالے سے اپنے نقطۂ نظر کو مناسب طور پر شامل نہ کرنے پر اپنے اختلافات کا اظہار کیا۔
بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اعلامیے میں دہشت گردی سے متعلق بیان کمزور تھا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ مبینہ ڈبل اسٹینڈرڈ پر اعتراض اٹھایا اور کہا کہ “کچھ ممالک سرحد پار دہشت گردی کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کرتے ہیں اور دہشت گردوں کا پناہ دیتے ہیں۔”
بھارت نے مزید اس بات پر ناراضگی ظاہر کی کہ 22 اپریل کو کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے حملے کا ذکر اعلامیے میں نہیں کیا گیا، جس میں 26 سیاح ہلاک ہوئے تھے۔ چونکہ اعلامیے میں اس حملے کا ذکر شامل نہیں تھا اور اس کی جگہ بلوچستان میں ہونے والے واقعات کو شامل کیا گیا تھا، بھارت نے دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔
بھارت کی غیررضامندی کی وجہ سے 15 ممالک پر مشتمل SCO بلاک نے اس اجلاس کے بعد کوئی مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں کیا۔ راجناتھ سنگھ نے مزید بتایا کہ پہلگام حملے کے جواب میں بھارت نے 7 مئی کو “آپریشن سندور” شروع کیا، جس کا مقصد دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنا تھا۔ انہوں نے دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ممالک کو خبردار کیا۔