سوراب میں مسلح افراد کا حملہ، علاقے کی مرکزی سڑک بلاک
کوئٹہ بلوچستان کے ضلع سوراب میں سیکیورٹی کی صورتحال ایک بار پھر سنگین رخ اختیار کر گئی، جہاں تاریکی ڈیم کے علاقے میں درجنوں مسلح افراد نے اچانک حملہ کر کے علاقے کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ مقامی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے علاقے میں داخل ہوتے ہی مرکزی سڑک کو بلاک کر دیا اور گزرنے والی تمام گاڑیوں کی تلاشی شروع کر دی۔
حملے کے دوران کسٹمز کے عملے کو نشانہ بنایا گیا اور اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے کسٹمز کی دو سرکاری گاڑیاں، بھاری اسلحہ اور دیگر سرکاری سامان قبضے میں لے لیا۔ ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آوروں نے کسٹمز اہلکاروں کو حراست میں لے لیا ہے، تاہم اہلکاروں کی صحیح تعداد اور ان کی حالت زار کے بارے میں کوئی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آ سکی۔
مزید یہ کہ مسلح افراد نے قریبی لیویز اور کسٹمز کی چیک پوسٹوں پر بھی دھاوا بول دیا اور وہاں موجود ہتھیار، رسد اور دیگر سامان اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں تک محدود ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حکام نے صورتحال کا نوٹس لے لیا ہے اور علاقے میں اضافی نفری بھیجنے پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم تاحال سرکاری سطح پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حملے سے نہ صرف سوراب بلکہ بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بھی سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے اور اسمگلنگ و غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کام کرنے والے محکمے مزید دباؤ کا شکار ہو سکتے ہیں۔