ڈیگاری کا لرزہ خیز دوہرا قتل: سردار شیر باز رہا، مرکزی ملزم اب بھی آزاد

ڈیگاری کا لرزہ خیز دوہرا قتل: سردار شیر باز رہا، مرکزی ملزم اب بھی آزاد

کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے ڈیگاری کے دلخراش غیرت کے نام پر دوہرے قتل کیس میں نامزد قبائلی رہنما سردار شیر باز ساتکزئی کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ عدالت نے 22 ستمبر کو پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ان کی رہائی کا حکم دیا۔

کیس کا سب سے اہم ملزم اور مقتولہ کا بھائی جلال خان اب تک قانون کی گرفت سے باہر ہے۔

یہ واقعہ 4 جون 2025 کو ضلع کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈیگاری میں پیش آیا۔ بعد ازاں جولائی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو نے لرزہ خیز حقیقت بے نقاب کی، جس میں ایک نوجوان مرد اور خاتون کو مبینہ جرگے کے حکم پر سرعام گولیاں مار کر قتل کرتے دکھایا گیا۔ خاتون کو سات جبکہ مرد کو نو گولیاں لگیں۔

تحقیقات کے مطابق مقتولین کی شناخت بانو بی بی اور احسان اللہ عرف احسن سمالانی کے نام سے ہوئی۔ ویڈیو میں موجود 19 افراد میں سے 15 کو شاملِ تفتیش کر لیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے مقتولین کی قبریں کھدوا کر پوسٹ مارٹم کرایا، جس میں فائرنگ سے موت کی تصدیق ہوئی۔

کیس نے اس وقت نیا رخ اختیار کیا جب مقتولہ کی والدہ گل جان بی بی نے عدالت میں بیان دیا کہ بانو بی بی پانچ بچوں کی ماں تھی اور اس نے احسان اللہ کے ساتھ 25 دن گزارے تھے۔ ان کے مطابق یہ بلوچی رسم و رواج کے مطابق تھا اور اس معاملے میں سردار شیر باز کا کوئی کردار نہیں تھا۔ بعد ازاں پولیس نے گل جان بی بی کو گرفتار کیا مگر وہ بھی ضمانت پر رہا ہو گئیں۔

اب تک عدالت میں چار ملزمان کو پیش کیا جا چکا ہے جن میں سردار شیر باز ساتکزئی، مقتولہ کی والدہ گل جان بی بی، مقتول لڑکے کا بھائی پیر جان اور موقع پر موجود بشیر شامل ہیں۔ ان میں سے سردار شیر باز اور گل جان بی بی ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں جبکہ پیر جان اور بشیر پولیس حراست میں ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اگر مقتولہ کو بروقت تحفظ فراہم کیا جاتا تو یہ قتل روکا جا سکتا تھا۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر JusticeForCouple# ٹرینڈ کرتا رہا اور عالمی میڈیا نے بھی اسے نمایاں طور پر اجاگر کیا۔

مرکزی ملزم جلال خان اب بھی مفرور ہے، جس کی گرفتاری کے بغیر کیس کا فیصلہ ادھورا تصور کیا جا رہا ہے۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.