ڈکی بھائی کا گرفتاری کے بعد پہلا بیان سامنے آگیا

پاکستان کے معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کو آن لائن بیٹنگ/جوا ایپس کی تشہیر کے الزام میں گرفتار کیے جانے کے بعد ان کا پہلا بیان سامنے آ گیا ہے۔

ایف آئی اے نیشنل کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ڈکی بھائی کو 16 اگست کو لاہور سے گرفتار کیا تھا، جہاں ابتدائی طور پر 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا گیا، بعد ازاں یہ ریمانڈ 4 روز تک بڑھا دیا گیا تھا۔ اب جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوٹیوبر نے نہ صرف اعتراف جرم کیا بلکہ عوام سے کھلے عام معافی بھی مانگی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ڈکی بھائی نے کہا:

“میں روسٹنگ ویڈیوز بناتا تھا جو کہ ایک غیر اخلاقی عمل تھا، اس پر میں پوری قوم سے معافی مانگتا ہوں۔ مزید یہ کہ میں نے کچھ ایپس کی تشہیر ان کی تصدیق کیے بغیر کی کیونکہ وہ ٹی وی اور پی ایس ایل میچز کے دوران عام دکھائی دیتی تھیں۔ یہ میری بڑی غلطی تھی، اور میں اس پر بھی معافی چاہتا ہوں۔”

ادھر بیٹنگ ایپ کیس میں ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی بھی نامزد ہیں، تاہم لاہور کی سیشن عدالت نے ان کی عبوری ضمانت 30 اگست تک منظور کرتے ہوئے گرفتاری سے روک رکھا ہے۔

واضح رہے کہ اس معاملے پر مختلف حلقوں کی جانب سے یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی ذمہ داریوں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ وہ مالی مفاد کے لیے بغیر تصدیق عوام کو غیر قانونی سرگرمیوں کی طرف راغب نہ کریں۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.