کوئٹہ : ریلوے حکام نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی مشہور جعفر ایکسپریس کو ایک بار پھر معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے یہ فیصلہ حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیشِ نظر کیا گیا۔
ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس کی سروس کو دو روز کے لیے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت نہ تو کوئٹہ سے پشاور روانگی ہوگی اور نہ ہی پشاور سے کوئٹہ کے لیے ٹرین چلائی جائے گی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ معطلی مسافروں کی حفاظت کے پیشِ نظر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 10 اگست کو بھی جعفر ایکسپریس کی سروس معطل کی گئی تھی، جس کے تحت پشاور سے کوئٹہ اور پھر کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی ٹرینیں بند کر دی گئی تھیں۔ حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس 13 اور 14 اگست کو بھی نہیں چل سکے گی۔
دوسری جانب کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل کی سروس بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بولان میل کو 17 اگست سے دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔
*مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹرین شیڈول کی تازہ صورتحال کے لیے ریلوے کے متعلقہ دفاتر اور ہیلپ لائن سے رجوع کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔*