گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا ڈرائیور کوئٹہ سے اغوا، اغواکاروں کا تاوان کا مطالبہ
کوئٹہ: گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا ڈرائیور عبدالرزاق کوئٹہ سے پراسرار طور پر لاپتا ہو گیا، جس کے بعد اغوا کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق عبدالرزاق سرکاری گاڑی پر گوادر کے لیے روانہ ہوا تھا تاہم راستے میں اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مغربی بائی پاس کے علاقے سے سرکاری گاڑی برآمد کر لی، جبکہ ڈرائیور کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ نامعلوم اغواکاروں نے مغوی کے اہل خانہ سے بھاری تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مغوی کے بھانجے کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مغوی عبدالرزاق کی بازیابی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور جلد پیش رفت کی توقع ہے۔