منشیات کا جال توڑو، نسلوں کو بچاؤ،وزیراعظم کااہم پیغام جاری
ہر سال 26 جون کو دنیا بھر میں منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد منشیات کے ناسور کے خلاف عالمی سطح پر شعور اجاگر کرنا اور اس کے خاتمے کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ یہ صرف ایک سماجی یا قانونی تقاضا نہیں، بلکہ انسانیت اور خاص طور پر ہماری آئندہ نسلوں کی فلاح اور تحفظ کا اعلیٰ مقصد ہے۔
سال 2025 کے لیے اس دن کا عالمی موضوع “Break the Cycle: Prevention and Recovery for All” ہے، جو منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے ہر سطح پر موجود نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور ہر شخص کو علاج اور بحالی کی سہولت دینے پر زور دیتا ہے۔ یہ پیغام ہمیں یاد دلاتا ہے کہ منشیات ایک عالمی مسئلہ ہے، اور اس کے خلاف مؤثر جدوجہد صرف بین الاقوامی تعاون، اجتماعی شعور، اور مربوط عمل ہی سے ممکن ہے۔
حکومتِ پاکستان اس سنگین چیلنج سے بخوبی آگاہ ہے۔ انسداد منشیات فورس (ANF) اور دیگر متعلقہ ادارے اس لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ تاہم، صرف حکومتی کوششیں کافی نہیں — منشیات کے خلاف جنگ میں ہر فرد، ہر گھر، ہر کمیونٹی اور پورے معاشرے کو ایک متحد محاذ تشکیل دینا ہوگا۔
منشیات کی آسان دستیابی اور اس کا استعمال نوجوانوں کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ ہمیں اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، اور سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہی کی مؤثر مہمات چلانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ نوجوان بروقت باخبر ہوں اور منشیات کے جال سے محفوظ رہیں۔
منشیات کے متاثرین کو صرف مجرم نہیں سمجھا جانا چاہیے، بلکہ ان کے علاج اور بحالی کے لیے ہمدردی، سہولت، اور معاشرتی قبولیت کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے حکومت، سول سوسائٹی، نجی شعبہ، اور متاثرہ خاندانوں کے درمیان مضبوط ربط اور تعاون پر مبنی حکمت عملی ناگزیر ہے۔
ہم ان تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں، خاص طور پر انسداد منشیات فورس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اس جدوجہد میں اپنی جانیں قربان کیں اور انتھک محنت سے ملک کو منشیات سے پاک کرنے کے مشن میں کردار ادا کیا۔
آیئے! اس عالمی دن کے موقع پر ہم سب مل کر اس اجتماعی عزم کی تجدید کریں کہ منشیات کا کاروبار اور استعمال ہمارے قومی قوانین، اخلاقی اقدار، اور انسانیت کے خلاف جرم ہے — اور ہم اسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
پاکستان پائندہ باد!