ڈی آئی خان میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے تباہی، 8 افراد جاں بحق

ڈی آئی خان میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے تباہی، 8 افراد جاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان میں طوفانی ہواؤں اور موسلادھار بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ طوفان کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے 8 افراد جاں بحق اور 47 زخمی ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر عبدالناصر خان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 افراد تحصیل ڈیرہ اور 3 افراد تحصیل پہاڑپور کے رہائشی تھے۔ زخمیوں میں سے 41 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اور 6 میاں محمد ٹیچنگ اسپتال میں زیر علاج ہیں، جن میں 3 کی حالت نازک ہے۔ 18 زخمی اب بھی زیر مشاہدہ ہیں جبکہ 26 افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ خوش قسمتی سے تحصیل کلاچی، درازندہ، پاروہ اور درابن سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں رات گئے تک سرگرم رہیں۔ ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور اسسٹنٹ کمشنر نے اسپتالوں کا دورہ کیا، زخمیوں کی عیادت کی اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔ حکام نے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔

طوفان کے باعث کئی درخت جڑوں سے اکھڑ کر سڑکوں پر گر گئے جس سے ٹریفک جام ہو گیا، گھروں کی چھتیں اور سولر پینل بھی اڑ کر تباہ ہو گئے۔ شدید ہواؤں سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا اور شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر حکام کو اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.