ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران اسرائیل سے منسلک ایک مسلح گروہ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 6 دہشتگرد ہلاک اور 2 گرفتار کر لیے گئے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی ایرنا (IRNA) نے رپورٹ کیا کہ جھڑپ کے بعد علاقے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا۔ سرکاری ٹی وی پر نشر کی گئی فوٹیج میں ہلاک افراد کی دھندلی لاشیں بھی دکھائی گئیں۔
ایرانی انٹیلی جنس کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے ایسی دستاویزات ملی ہیں جو ان کے اسرائیلی روابط کو ظاہر کرتی ہیں۔ فورسز کا کہنا ہے کہ یہ گروہ ایران کے مشرق میں ایک اہم تنصیب پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، تاہم مزید تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔
حکام کے مطابق آپریشن کے دوران گروہ کا مرکزی آپریشنل سیل نشانہ بنایا گیا، جس میں 7 غیر ملکی دہشتگرد شامل تھے، البتہ ان کی شہریت ظاہر نہیں کی گئی۔ جھڑپ میں ایرانی انٹیلی جنس کے 2 اہلکار اور ایک پولیس افسر زخمی بھی ہوئے۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل صوبہ ایرانشہر میں پولیس پر 2 الگ الگ مسلح حملوں میں 5 اہلکار ہلاک جبکہ ایک اور جھڑپ میں مزید ایک پولیس افسر مارا گیا تھا۔
تہران کا مؤقف ہے کہ اسرائیل طویل عرصے سے ایران کے اس شورش زدہ خطے میں علیحدگی پسند گروہوں کو اسلحہ اور مالی مدد فراہم کرتا آیا ہے۔