کوئٹہ: دہرے قتل کے سنگین مقدمے میں ملوث مرکزی ملزم جلال تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہے۔ پولیس کے مطابق جلال مقتولہ بانو بی بی کا حقیقی بھائی ہے اور سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں اسے مقتولین پر فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان اور آئی جی پولیس نے تمام ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت جاری کی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم جلال کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اس کیس میں اب تک 13 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں قبائلی سردار شیر باز ساتکزئی اور بشیر احمد بھی شامل ہیں۔ دونوں ملزمان کو گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ان کے جسمانی ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کا حکم دیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ باقی مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔