بلوچستان کے علاقے ڈنگرا کے قریب ریلوے ٹریک کے نزدیک زور دار دھماکہ ہوا، تاہم خوش قسمتی سے بولان میل ٹرین حادثے سے محفوظ رہی۔ ٹرین کے گزرنے کے فوراً بعد دھماکہ ہوا جس سے بوگی نمبر 7 کو جزوی نقصان پہنچا۔
ریلوے حکام کے مطابق دھماکے کے بعد کوئٹہ سے پنجاب جانے والی جعفر ایکسپریس کو سبی پر روک دیا جائے گا، جبکہ پنجاب سے آنے والی جعفر ایکسپریس کو ڈیرہ مراد جمالی کے مقام پر روک لیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے اور ریلوے حکام نے بتایا کہ کلیرنس کے بعد ہی ٹرینوں کو دوبارہ روانہ کیا جائے گا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ ریلوے کی تکنیکی ٹیم جائے وقوعہ پر روانہ ہو چکی ہے تاکہ ٹریک کی بحالی کا کام فوری طور پر شروع کیا جا سکے۔