google-site-verification=hCdMJtRSQIFlKGUKDvshKKo__duzI1re2ugCjowz_Yg

دیامر تانگیر میں تباہ کن سیلاب، انتظامی دفاتر، بازار، پاور ہاؤس اور مواصلاتی نظام بری طرح متاثر

دیامر (نمائندہ خصوصی) گلگت بلتستان کے ایڈیشنل ضلع تانگیر میں شدید سیلاب نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں انتظامی دفاتر، بازار، زرعی زمینیں، پاور ہاؤس، سڑکیں اور مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہو گئے۔

سیلابی ریلہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے آبائی علاقے سے بھی گزرا، تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ سیلاب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر تانگیر کے دفاتر کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ اے سی آفس کے ساتھ واقع ایک رہائشی مکان مکمل طور پر منہدم ہو گیا۔ تحصیل آفس کا ریکارڈ بھی سیلاب کی نذر ہو گیا ہے۔

مقامی بازار میں پانی داخل ہونے سے متعدد دکانیں متاثر ہوئیں اور اشیائے خوردونوش خراب ہو گئیں۔ پولیس اسٹیشن سمیت کئی سرکاری دفاتر میں پانی بھر جانے سے معمولات زندگی مفلوج ہو گئے ہیں۔

علاقے کے مختلف مقامات، خصوصاً آگون سید آباد، میں سیلاب کے باعث وسیع زرعی رقبہ تباہ ہو گیا جبکہ کئی رابطہ سڑکیں ناقابلِ استعمال ہو چکی ہیں۔ تانگیر کی مرکزی شاہراہ پر جگہ جگہ پانی جمع ہونے سے گاڑیاں پھنس گئیں۔

شیخو پاور ہاؤس کا واٹر چینل تقریباً 100 فٹ تک مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے، جس سے علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، اور بجلی بند ہونے سے موبائل نیٹ ورک کی سہولت بھی مکمل طور پر متاثر ہو گئی ہے۔

سیلابی پانی نے کھیتوں اور قبرستانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ عمائدین کے مطابق تانگیر کے مختلف مقامات پر بیک وقت سیلابی کیفیت پیدا ہوئی، جس سے نقصانات میں مزید اضافہ ہوا۔

انتظامیہ کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ تباہی کی شدت کے باعث بحالی میں وقت درکار ہو گا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.