بھارت: جعلی ہیئر آئل سے 200 افراد آنکھوں اور جلد کے مرض میں مبتلا
بھارتی ریاست پنجاب کے شہر سنگرور میں بالوں کے جھڑنے اور گنج پن سے بچاؤ کے دعووں کے ساتھ فروخت کیے گئے ایک جعلی ہیئر آئل کے استعمال سے کم از کم 200 افراد آنکھوں کے انفیکشن اور جلد کی شدید الرجی میں مبتلا ہو گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر اس ناقص تیل کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی گئی، جس میں معروف شخصیات اور اداکاروں کے ذریعے عوام کو گمراہ کیا گیا۔ اشتہارات میں دعویٰ کیا گیا کہ اس تیل کے استعمال سے بال گرنے بند ہو جاتے ہیں اور بال مزید گھنے ہو جاتے ہیں۔
ایک ایونٹ کے دوران، جسے کمپنی نے خود منعقد کیا، سینکڑوں افراد نے پیسے دے کر یہ تیل استعمال کیا۔ تاہم، چند ہی گھنٹوں میں تیل لگانے والے افراد کو آنکھوں میں جلن، خارش اور سوزش جیسی علامات ظاہر ہونا شروع ہو گئیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
بعد ازاں معلوم ہوا کہ تیل میں استعمال ہونے والے کیمیکل مضر صحت تھے، جس پر انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے ملوث افراد کو گرفتار کرلیا۔
رپورٹس کے مطابق بھارت میں بالوں کے گرنے اور گنج پن سے بچاؤ کی مصنوعات کی مارکیٹ سالانہ 282 ملین ڈالر سے زائد کی ہے، جس میں ہر سال تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔