کوئٹہ میں خوفناک ٹریفک حادثہ: 6 مسافر جھلس کر جاں بحق، 10 زخمی

کوئٹہ میں خوفناک ٹریفک حادثہ: 6 مسافر جھلس کر جاں بحق، 10 زخمی

کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 6 مسافر جھلس کر جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب نواں سے ہزار گنجی جانے والی اندرونِ شہر چلنے والی مزدا بس، پیٹرول سے بھرے ایک لوڈنگ رکشے سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے فوری بعد رکشے میں موجود پیٹرول نے آگ پکڑ لی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ فائر بریگیڈ نے بس میں بھڑکتی آگ پر قابو پالیا۔ پولیس نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان، شاہد بلوچ نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ترجمان نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور متاثرہ خاندانوں کی بھرپور مدد کی جائے گی۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.