وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوان وی لاگر اور ڈیجیٹل کونٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد کے کام کو سراہتے ہوئے انہیں 10 لاکھ روپے کا انعام دیا ہے۔ طلحہ احمد نے بتایا کہ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران کہا کہ “آپ اتنا معیاری کانٹینٹ تیار کر رہے ہیں، آپ کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔”
یہ ملاقات چند دن قبل وزیراعظم آفس میں ہوئی، جہاں شہباز شریف نے طلحہ احمد کی تخلیقی صلاحیتوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نمایاں کامیابیوں کی تعریف کی۔ وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق طلحہ احمد کو اعزازی شیلڈ اور ذاتی طور پر ایک الیکٹرانک ٹیبلیٹ بھی تحفے میں دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے نوجوان جدید دور میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، اور طلحہ احمد اس بات کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے باصلاحیت نوجوان پاکستانی قوم کی لامحدود استعداد اور مثبت صلاحیتوں کی علامت ہیں۔
واضح رہے کہ طلحہ احمد پاکستان کے مقبول ترین کم عمر ڈیجیٹل کونٹینٹ کریئیٹرز میں شامل ہیں۔ ان کے سچائی پر مبنی پیغامات، مثبت سوچ اور اصلاحی مواد نے لاکھوں ناظرین کے دل جیت لیے ہیں۔ والدین اور اساتذہ ان کے تعلیمی اور اخلاقی مواد کو خاص طور پر سراہتے ہیں۔