پروفیسر احسن اقبال کا آواز II پروگرام میں سماجی شمولیت پر زور

پروفیسر احسن اقبال کا آواز II پروگرام میں سماجی شمولیت پر زور

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے آواز II پروگرام کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ترقی کے ایجنڈے میں سماجی شمولیت اور ادارہ جاتی احتساب کو شامل کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ شمولیت اور شفافیت پائیدار طرز حکمرانی کی بنیاد ہیں اور ملک کی ترقی میں ہر شہری اور کمیونٹی کا کردار اہم ہے۔

وزیر نے کہا کہ حکومت پالیسی سازی کے عمل میں عوام کی آواز کو مرکزی اہمیت دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آواز II پروگرام نے خواتین، نوجوانوں اور معذور افراد سمیت محروم طبقات کی نمائندگی کو مؤثر انداز میں بڑھایا ہے۔

اپنے اصلاحاتی وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ “اُڑان پاکستان” 5Es فریم ورک ایک جامع اصلاحاتی روڈ میپ ہے جس کا مقصد موجودہ چیلنجز کو نئے مواقع میں تبدیل کرتے ہوئے پاکستان کو ایک مضبوط اور مستحکم معیشت میں ڈھالنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برآمدات میں اضافہ، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، گرین انرجی، ماحولیاتی استحکام اور سماجی مساوات اس فریم ورک کے پانچ بنیادی ستون ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو قومی اصلاحاتی عمل کا مرکز بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے 42 شہروں کے 131 کیمپسز میں ینگ پیس اینڈ ڈیولپمنٹ کور یونٹس قائم کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے نوجوان فیلو، اسکالرز اور انٹرنز کو عملی تجربہ حاصل کرنے اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزیر نے بتایا کہ بختیار نوجوان انٹرن شپ پروگرام کے تحت 60 ہزار سے زائد تنخواہ دار انٹرن شپس دی جا رہی ہیں جبکہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے 10 ہزار خصوصی انٹرن شپس مختص کی گئی ہیں۔

مزید برآں، ینگ ڈیولپمنٹ فیلو پروگرام نئی پالیسی پروفیشنلز کی نسل تیار کر رہا ہے جبکہ چیمپیئنز آف ریفارمز نیٹ ورک قومی پالیسی سازی کے عمل میں ماہرین کی آراء فراہم کر رہا ہے۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی CSS امتحانات میں اردو کو اختیاری زبان کے طور پر شامل کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آواز II ماڈلز کو سرکاری نظام میں ضم کیا جائے گا تاکہ پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے اور ادارہ جاتی سطح پر عوامی شمولیت اور سماجی انصاف کے اصولوں کو فروغ دیا جا سکے۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.