اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں بھی درج ہے کہ جاز نے مالی سال 2023-24 کے دوران اپنے صارفین سے اضافی ٹیرف پی ٹی اے کی منظوری کے بغیر وصول کیے ہیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے اس حوالے سے وضاحت کی جاتی ہے کہ اوور چارجنگ کے حوالے سے ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ آڈٹ مشاہدات میں جن ٹیرف ایڈجسٹمنٹس کا حوالہ دیا گیا ہے وہ پی ٹی اے کی مقررہ ریگولیٹری فریم ورک کے مطابق باضابطہ طور پر منظور شدہ ہیں۔ ان تمام منظوریوں کے مستند ریکارڈز آڈٹ حکام کے ساتھ تصدیق کے لیے شیئر کیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے صارفین کے مفادات کے تحفظ اور شفاف و منصفانہ ٹیلی کام نظام کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ اتھارٹی آپریٹرز کے ٹیرف پر مسلسل نگاہ رکھے ہوئے ہے تاکہ ریگولیٹری تقاضوں کی پاسداری کو عملی طور پر یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی غیر منصفانہ کمرشل پریکٹسز کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔