غذر: سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ سے گاؤں محصور، 50 افراد پھنس گئے

گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں لینڈسلائیڈنگ اور سیلاب نے تباہی مچادی، جس کے باعث راؤشن گاؤں کی پوری آبادی محصور ہو گئی اور درجنوں افراد پھنس گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تالی داس نالے میں رات گئے دونوں اطراف سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس نے گلگت–شندور روڈ کو مکمل طور پر بند کر دیا، جس سے آمدورفت معطل ہو گئی اور اطراف کے گاؤں کٹ کر رہ گئے۔

وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس لون نے کہا کہ سیلاب نے علاقے کو شدید متاثر کیا ہے مگر خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ ان کے مطابق گاؤں میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ہیلی کاپٹر بھیج دیا گیا ہے۔ غذر پولیس نے تصدیق کی ہے کہ راؤشن گاؤں میں تقریباً 50 افراد محصور ہیں اور محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے حکومت سے اپیل کر رہے ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق لینڈسلائیڈنگ کے باعث رات 3 بجے سے دریائے غذر کا بہاؤ رک گیا ہے، جس کے بعد پانی جمع ہونے سے مزید آبادیوں کو کٹاؤ اور نئے سیلابی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ تاہم بروقت الرٹ کے باعث کسی جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

Authors

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.