ایران پر حملوں میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں، دفتر خارجہ کا واضح اعلان
اسلام آباد: پاکستان نے ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے ممکنہ حملوں سے متعلق زیر گردش افواہوں کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نہ تو پاکستان نے کسی کو اپنی فضائی، زمینی یا بحری حدود استعمال کرنے کی اجازت دی اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
وزارت خارجہ اور دیگر اعلیٰ سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوئی، اور ایران کی جوہری تنصیبات پر حالیہ امریکی حملوں کی شدید مذمت بھی کی گئی ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اصولی مؤقف اختیار کرتے ہوئے عالمی سطح پر ایران کے حق میں اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان نہ کسی عالمی بلاک کا حصہ بنے گا اور نہ ہی کسی بیرونی جنگ میں شمولیت اختیار کرے گا۔
حکام کے مطابق پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، اور پاکستان اپنی جغرافیائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گا۔
پاکستان اس وقت تمام متعلقہ فریقین سے رابطے میں ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے امن و سفارت کاری کو ترجیح دے رہا ہے۔ دفتر خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر تنازع پھیلا تو اس کے خطے پر خطرناک اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔