جہاد کا اعلان صرف ریاست کر سکتی ہے، کوئی فرد یا گروہ مجاز نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

جہاد کا اعلان صرف ریاست کر سکتی ہے، کوئی فرد یا گروہ مجاز نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ جہاد کا اعلان صرف ریاست کا اختیار ہے، کسی فرد یا گروہ کو اس کا اختیار حاصل نہیں۔

یہ بات انہوں نے کراچی میں مختلف مذاہب اور سماجی طبقات سے تعلق رکھنے والے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی، قومی وحدت اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہری — خواہ کسی بھی مذہب یا قومیت سے ہوں — برابر کے حقوق رکھتے ہیں۔ آئینِ پاکستان ہر فرد کو مذہبی و سماجی آزادی فراہم کرتا ہے، اور قومی یکجہتی صرف برابری، رواداری اور اتحاد سے ممکن ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر بھارت کے منفی کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی سرپرستی کر رہا ہے، مگر پاک فوج جدید جنگی حکمتِ عملی کے تحت دشمن کو مؤثر جواب دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لسانی یا نسلی نفرت دراصل جہالت ہے، اور پاکستانی قوم کو متحد رہ کر ہی ہر چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے۔

شرکائے محفل نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو کو سراہتے ہوئے اس ملاقات کو ایک مثبت اور قابلِ قدر پیش رفت قرار دیا۔ شرکاء نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ بین المذاہب و بین الطبقات ہم آہنگی کے لیے اس نوعیت کی ملاقاتیں باقاعدگی سے ہونی چاہئیں۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.