کروڑوں کے سپورٹس گراونڈز سیاسی جلسوں کی نذر، کھلاڑی بے بس
کوئٹہ: ایوب اسپورٹس کمپلیکس میں نیشنل گیمز کے لیے خطیر رقم سے تعمیر و مرمت کے بعد کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہوئی تھیں، مگر ایک بار پھر ان گراونڈز میں سیاسی جلسوں کا انعقاد معمول بنتا جا رہا ہے، جس پر سپورٹس حلقے شدید تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
ماضی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے ان گراونڈز کو عالمی معیار کے مطابق بحال کیا گیا، جہاں نیشنل گیمز بھی منعقد ہوئے۔ تاہم اب انہی سہولیات کو سیاسی اجتماعات کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے کھلاڑیوں کی یومیہ پریکٹس، ٹریننگ اور مقابلے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
سپورٹس کمیونٹی نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلوں کے لیے مخصوص مقامات کو سیاسی سرگرمیوں کی نذر ہونے سے بچایا جائے۔
محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے اعلیٰ حکام کا مؤقف ہے کہ انہوں نے سیاسی جماعت کو گراونڈز میں جلسوں کی اجازت نہیں دی، جس سے واضح ہوتا ہے کہ معاملات کو سنجیدگی سے دیکھنے اور قانون سازی کی ضرورت ہے۔