بلوچستان پاکستان کا فخر ہے،فیلڈ مارشل عاصم منیر

بلوچستان پاکستان کا فخر ہے،فیلڈ مارشل عاصم منیر

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ تمام فریق سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر خلوص نیت سے کام کریں۔

جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے۔ یہاں کے عوام محب وطن، باصلاحیت اور بلند حوصلہ ہیں، جو صوبے کا اصل سرمایہ ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے متعدد منصوبوں پر عمل کر رہی ہیں، جن کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود اور بہتر معیارِ زندگی کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کی بے پناہ معاشی صلاحیت کو صوبے کے عوام کی بہتری کے لیے بروئے کار لایا جائے، تاکہ صوبہ ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو سکے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سول سوسائٹی کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور ان کی رہنمائی پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں چلنے والی پراکسیز، فتنہ الہند اور فتنہ الخوارج عوام دشمن ایجنڈا چلا رہے ہیں، جو صوبے میں تشدد اور عدم استحکام کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم، انہوں نے یقین دلایا کہ پاک فوج اور ریاستی ادارے ان دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

آرمی چیف نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے، مگر کسی بھی قسم کی براہِ راست یا بالواسطہ سرحدی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ورکشاپ کا اختتام ایک تفصیلی اور کھلے سوال و جواب سیشن پر ہوا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.