چین کے وزیرِ خارجہ مسٹر وانگ یی، جو پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، نے آج شام وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِاعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور کابینہ کے سینئر ارکان بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے وزیرِ خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے چین کی قیادت، حکومت اور عوام کے لیے دلی قدردانی کا اظہار کیا کہ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی ترقی کے تحفظ میں ہمیشہ ثابت قدمی سے ساتھ دیا۔ وزیراعظم نے چین کے بنیادی مفادات پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا کہ دونوں ممالک کے عوام کی خواہشات کے مطابق پاک-چین ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید گہرا کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت اور پاک-چین آہنی دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے بیجنگ میں صدر شی کے ساتھ گزشتہ سال ہونے والی اپنی نہایت خوشگوار اور نتیجہ خیز ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی آئندہ تیانجن اور بیجنگ کی آمد کے منتظر ہیں، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کے ساتھ ساتھ چین کی عوامی جنگِ مزاحمت اور دوسری جنگِ عظیم میں فتح کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات میں بھی شریک ہوں گے۔ اس موقع پر ان کی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور دیگر اعلیٰ چینی قیادت سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
وزیراعظم نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان چین کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، آئی سی ٹی، زراعت، صنعتی ترقی، معدنیات اور دیگر کلیدی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے سی پیک کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس کے دوسرے مرحلے میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کی گفتگو کے جواب میں وزیرِ خارجہ وانگ یی نے کہا کہ چین پاکستان کو آہنی دوست اور ہمہ موسمی اسٹریٹجک شراکت دار سمجھتا ہے۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ چین، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو تعاون اور شراکت داری کی نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے۔ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اس کے غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے فروغ کے لیے کام کرتا رہے گا۔