کراچی: پٹاخوں کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی، دھماکوں کی آوازیں، 34 افراد زخمی

کراچی کے مصروف علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع پٹاخوں کے گودام میں زوردار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اُٹھی جس پر قابو پالیا گیا ہے، تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔ اس واقعے میں 34 افراد زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد اُٹھنے والا گھنا دھواں دور دور تک دکھائی دے رہا تھا جبکہ قریب کھڑا ایک رکشہ بھی آگ کی لپیٹ میں آگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی کے ایم سی فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیاں، ایک اسنارکل اور ایک باؤزر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جبکہ پولیس اور رینجرز اہلکار بھی فوری طور پر علاقے میں پہنچ گئے۔ صورتحال سنگین ہونے پر ایس ایس یو کمانڈوز کو بھی طلب کیا گیا جنہوں نے ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مل کر چھت پر پھنسے افراد کو بحفاظت نکالا۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق پہلے دھماکا ہوا جس کے بعد آگ بھڑکی۔ دھماکے کی شدت سے قریبی دکانوں اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، متعدد عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور شیشوں کے ٹکڑے لگنے سے کئی لوگ زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق 34 زخمیوں کو جناح اسپتال اور سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ آگ پر قابو پانے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ کے ترجمان کے مطابق مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو ہدایت دی ہے کہ واقعے کی مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ رہائشی و تجارتی علاقوں میں ایسے خطرناک مواد کا ذخیرہ یا تیاری ہرگز نہیں ہونی چاہیے جو عوام کے لیے جان لیوا خطرہ بن سکے۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.