اسرائیل کے پاس ایران کی نیوکلیئر بیسز مٹانے کی صلاحیت نہیں،ٹرمپ
نیو جرسی: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تہلکہ خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے پاس ایران کی جوہری صلاحیت کو مکمل طور پر تباہ کرنے کی طاقت موجود نہیں۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق، نیو جرسی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ امن کے حامی رہے ہیں، تاہم بعض اوقات امن کے لیے سخت اقدامات ضروری ہو جاتے ہیں۔
ایران کے خلاف امریکی فوجی مداخلت کے سوال پر ٹرمپ نے واضح کیا کہ زمینی افواج بھیجنا آخری آپشن ہوگا۔ ان کے الفاظ میں، “یہ وہ آخری چیز ہے جو کوئی بھی چاہے گا۔”
ایک سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کو دو ہفتے کا وقت دے رہے ہیں تاکہ حالات کا بغور جائزہ لیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا، “مجھے لگتا ہے کہ فیصلہ زیادہ سے زیادہ دو ہفتے میں ہو جائے گا، اس سے زیادہ نہیں۔”
ایران کی جوہری تنصیبات کے حوالے سے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل کے پاس زیرِ زمین واقع فورڈو نیوکلیئر پلانٹ کو مکمل طور پر تباہ کرنے کی تکنیکی صلاحیت موجود نہیں۔ انہوں نے کہا، “شاید وہ کسی چھوٹے سے حصے کو نقصان پہنچا سکیں، لیکن گہرائی تک مار کرنے کی ان میں سکت نہیں۔”
تاہم، ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ شاید اس حد تک جانے کی ضرورت نہ پڑے۔ ان کے مطابق، “امید ہے کہ ایسا اقدام ناگزیر نہ ہو۔”