2026 کا آغاز، معاشی امید اور امن میں پاکستان بھارت سے آگے
گلوبل اکنامک گیلپ سروے کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے 2026 کے آغاز پر معاشی بہتری اور امن کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارت اور عالمی اوسط کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
60 ممالک میں کیے گئے اس عالمی سروے کے مطابق پاکستان میں 51 فیصد عوام آئندہ سال کے حوالے سے پُرامید ہیں، جس کے نتیجے میں 31 فیصد کا نیٹ مثبت رجحان سامنے آیا۔ معاشی حوالے سے 53 فیصد پاکستانیوں نے 2026 کو خوشحالی کا سال قرار دیا ہے۔
سروے کے مطابق پاکستان میں امید کی شرح بھارت کے 39 فیصد اور عالمی اوسط 24 فیصد سے کہیں زیادہ ہے۔ امن کے معاملے میں بھی پاکستان نے نمایاں سبقت حاصل کی، جہاں 52 فیصد پاکستانیوں نے دنیا میں امن کے بڑھنے کی امید ظاہر کی، جبکہ بھارت میں یہ شرح صرف 26 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں امن اور خوشحالی سے متعلق امیدوں کی یہ سطح 1994 کے بعد بلند ترین سطحوں میں شمار ہوتی ہے، جبکہ ماضی میں ایسا رجحان 1990 کی دہائی کے آخر اور 2010 کی دہائی کے وسط میں بھی دیکھنے میں آیا تھا۔
گلوبل اکنامک گیلپ سروے کے مطابق پاکستان نے مجموعی امید، اقتصادی خوشحالی اور امن کی توقع جیسے تین اہم پیمانوں میں عالمی اوسط سے بہتر کارکردگی دکھائی، جن میں سے دو میں پاکستان نے بھارت کو واضح طور پر پیچھے چھوڑ دیا۔ عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستانی عوام 2026 کے مستقبل کے حوالے سے پُراعتماد اور پُرامید دکھائی دیتے ہیں۔