اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی، انڈیکس 1 لاکھ 51 ہزار پوائنٹس پر
کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ برقرار ہے اور بدھ کو کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انڈیکس نئی بلند سطح پر پہنچ گیا۔
کاروبار کے آغاز پر ہی زبردست تیزی دیکھنے کو ملی اور ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 51 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔ دورانِ ٹریڈنگ 1200 سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ انڈیکس 1,51,049 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔
سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی آٹوموبائل، کمرشل بینکنگ، پاور جنریشن اور ریفائنری سیکٹر میں رہی۔ این بی پی، ایم ای بی ایل، حبکو، اے آر ایل، پی آر ایل اور بی او پی کے شیئرز مثبت زون میں ٹریڈ ہوئے۔
گزشتہ کاروباری روز انڈیکس 1,49,770 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، اس طرح ایک دن میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔