اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سیلاب سے متاثرہ ضلع بونیر کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ دورے کے دوران وزیراعظم نے بونیر اور شانگلہ کے متاثرہ علاقوں میں سیلاب کی صورتحال اور نقصانات کا فضائی جائزہ لیا۔
وزیراعطم آفس کے مطابق وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، امیر مقام اور احسن اقبال بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم بونیر میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے اور ان میں فوری امدادی چیک تقسیم کریں گے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
وزیراعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف کا خیبر پختونخوا سیلاب زدگان کا دورہ
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ سب سے پہلے وہ سوات پہنچے، جہاں وفاقی وزیر امیرمقام نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے سوات کے بعد بونیر اور شانگلہ کے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔
بعد ازاں، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سوات سے بونیر روانہ ہو گئے تاکہ وہ وہاں کے متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کریں اور سیلاب زدگان کی صورتحال کا براہِ راست جائزہ لیں۔