بلوچستان حکومت کا سوشل میڈیا پر وائرل قتل کی ویڈیو کا نوٹس ، ایک ملزم گرفتار
Balochistan government takes notice of viral murder video on social media, one accused arrested
بلوچستان حکومت کا سوشل میڈیا پر وائرل قتل کی ویڈیو کا نوٹس، ایک ملزم گرفتار
کوئٹہ: بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے تصدیق کی ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک دلخراش ویڈیو، جس میں ایک مرد و خاتون کے بہیمانہ قتل کو دکھایا گیا ہے، پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کارروائی کی ہدایت دی ہے۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ عیدالاضحیٰ کے دوران پیش آیا، تاہم متاثرہ خاندانوں کی جانب سے کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی گئی۔
شاہد رند نے بتایا کہ حکومت نے از خود ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ویڈیو میں موجود افراد کی شناخت کے لیے نادرا سے مدد لی جا رہی ہے، اور ایک ملزم کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دیگر ملوث افراد کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ واقعے میں ملوث کسی بھی فرد کو بخشا نہیں جائے گا، چاہے وہ قتل میں ملوث ہو یا کسی غیرقانونی جرگے کا حصہ۔ قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کے دباؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
شاہد رند نے مزید کہا کہ لاشوں کی بازیابی کا عمل تاحال جاری ہے، جبکہ ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت انصاف کی فراہمی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنائے گی۔